کراچی(اسٹاف رپورٹر)موچکو پولیس نے تین مختلف کاروائیوں میں مبینہ طور پرلاکھوں روپے مالیت کا ایرانی ڈیزل، سگریٹ اور منشیات کی بلوچستان سے کراچی ترسیل کو ناکام بنا دیا،تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق پہلی کارروائی میں حب چوکی کی جانب سے آنے والے ڈمپر کے خفیہ، اضافی ٹینک سے 1200لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کیا گیا۔ڈیزل اسمگلنگ میں ملوث محمد رسول نامی ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ الزام نمبر 429/24 بجرم دفعہ 285/286ت پ درج کیا گیا۔دوسری کارروائی میں موٹرسائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 239ڈنڈے اسمگل شدہ غیرملکی سگریٹ اور 48600روپے نقدی برآمد کرلی گئی۔اسمگل شدہ غیرملکی سگریٹ کی ترسیل میں ملوث حاجی محمد عبوس نامی ملزم کو گرفتار کرکے برآمدہ مال و ملزم کو کسٹم حکام کے حوالے کیا گیا۔جبکہ تیسری کارروائی میں حب چوکی کی جانب سے آنے والی پسنجر وین کے ڈرائیور کے قبضہ سے 535گرام چرس برآمد کی گئی۔گرفتار ملزم خیر بخش کے خلاف اینٹی نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔کاروائیاں قائم مقام ایس ایچ او موچکو سب انسپکٹر عمران سعد کی سربراہی میں چوکی انچارج موچکو فخر اقبال نے اسٹاف کے ہمراہ عمل میں لائیں۔