کراچی ( اسٹاف ر پو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ الخدمت بنو قابل پروگرام آئی ٹی انقلاب کی نوید ہے اس سے نوجوانوں کو روزگار ملے گا اور پاکستان کی معیشت بھی بہتر ہوگی، الخدمت نے نوجوان طلبہ و طالبات کو پڑھانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ کراچی کے نوجوان مایوس نہ ہوں، محنت کریں دل لگا کر پڑھیں، آگے بڑھیں، مستقبل نوجوانوں کا ہے۔ حکمرانوں نے آئی ٹی سیکٹر میں کوئی سرمایہ کاری نہیں کی بلکہ انٹر نیٹ کی رفتار سست کر کے اور رکاوٹیں پیدا کر کے اس کے راستے مسدود کیے جارہے ہیں۔ آئی ٹی سے وابستہ افراد،فری لانسرز پریشان ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک ترین گراؤنڈ میٹروول میں جماعت اسلامی ضلع سائٹ غربی والخدمت کے تحت بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0کے ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے سی ای او الخدمت نوید علی بیگ،جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سکریٹری عبد الرزاق خان،امیر جماعت اسلامی ضلع سائٹ غربی ڈاکٹر نور الحق نے بھی خطاب کیا،جبکہ نظامت کے فرائض مرزا ثوبان بیگ نے ادا کیے۔ ٹیسٹ میں شریک طلبہ وطالبات سے ایک گھنٹے کا تحریری ٹیسٹ لیا گیا،کامیاب ہونے والوں کو ویپ ڈیولپنگ، ویب ڈیزائننگ،ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ایمزون سمیت مختلف آئی ٹی کے کورسز مفت کرائے جائیں گے۔