اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پارلیمانی سیکرٹری ساجد مہدی نے کہا ہے کہ فائیو جی پر نہ جانے کی وجہ سے ملک میں انٹر نیٹ کی رفتار سست ہے ،انہوں نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ عالیہ کامران نے انٹر نیٹ کی سست روی کا درست معاملہ اٹھایا ہے ، ہمارے پاس ایڈوانس ٹیکنالوجی نہیں جس وجہ سے مسئلہ آرہا ہے، یقین دلاتا ہوں کہ فائیو جی پر جائیں گے تو انٹر نیٹ کے مسئلے ختم ہوجائیں گے۔ نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کی سست رفتار کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ کیونکہ سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی اور عمران خان کا بول بالا ہے تو اس کو ختم کیا جا رہا ہے تاکہ لوگوں کی ان تک رسائی نہ ہو،ان کا دعویٰ تھا کہ ’انٹرنیٹ کی سست رفتار کی وجہ کسی زیر سمندر کیبل کا کٹنا یا فائیو جی کی آکشن نہیں ، انہوں نے حساس ادارےپر اس کی ذمہ داری کا الزام عائد کیا۔