کراچی ( اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمینز تعلیم کی سہو لتوں اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے رہے ہیں لیکن قابض میئر سرپرستی کے لیے تیار نہیں ہیں، شہر کراچی اس وقت مسائل کا شکار ہے،سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، سی ای او واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا کہنا ہے کہ کراچی کا 70فیصدحصہ پانی سے محروم ہے، ایسے حالات میں جب شہری پانی سے محروم ہیں مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم گورنر شپ کے حصول کے لیے رسہ کشی اور بیان بازی کرر ہی ہیں، کراچی کے بہت سے شہری ٹینکروں اور ڈمپر کی ٹکر سے قیمتی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے، گزشتہ 11ماہ میں اسٹریٹ کرائم میں 107شہری جاں بحق اورہزاروں کی تعداد میں زخمی ہوچکے ہیں، سعید گراؤنڈ فیڈرل بی ایریا بلاک6 میں ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلبرگ کے تحت ”سالانہ اسپورٹس ویک 16 دسمبر تا 21 دسمبر“ کی افتتاحی تقریب میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا ہمیں بتایا جائے کہ آج سے 4ماہ قبل بارشوں کے نتیجے میں سڑکیں بہہ گئیں، یہ وہ سڑکیں تھیں جن پر اربوں روپے خرچ کیے گئے ۔