اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) سپریم کورٹ نے جسٹس جمال خان مندوخیل کمیٹی کے مجوزہ رولز سپریم کورٹ ویب سائٹ پر جاری کر دئیے۔مجوزہ قواعد میں کہا گیا ہے کہ کسی متوقع یا موجودہ خالی اسامی کیلئے جوڈیشل کمیشن کا کوئی بھی رکن نامزدگیاں پیش کر سکتا ہے، سپریم کورٹ میں جج تقرری کیلئے نامزدگی متعلقہ ہائی کورٹ کے پانچ سینئر ترین ججوں میں سے کی جائیگی اور چیف جسٹس ہائی کورٹ کی تقرری کیلئے نامزدگی متعلقہ ہائیکورٹ کے تین سینئر ترین ججز میں سے ہوگی۔ ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق ججز کی مجوزہ تقرریوں کے رولز کو عوامی تبصروں اور آرا کیلئے جاری کیا گیا اور مجوزہ رولز پر تمام تبصرے و تاثرات 20 دسمبر تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھاکہ مجوزہ رولز کو 21 دسمبر کو منظوری کیلئے جوڈیشل کمیشن غور کریگا۔