• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عاقب کی ون ڈے سیریز میں مصروفیت، پاکستانی ٹیسٹ پلیئرز جنوبی افریقہ میں بغیر کوچز پریکٹس کرنے لگے

کراچی (عبدالماجد بھٹی) ٹیسٹ سیریز کے کیلئے پاکستانی کرکٹرز جنوبی افریقا پہنچ چکے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسن گلیسپی کے مستعفی ہونے کے بعدپاکستانی ٹیسٹ پلیئرز اس وقت جوہانسبرگ میں مقامی کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کررہے ہیں۔ انہیں کوچ کی خدمات حاصل نہیں ہے۔ ہیڈ کوچ عاقب جاویداور دیگر کوچز اس وقت ون ڈے ٹیم کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ جیسن گلیسپی نے پی سی بی کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ٹیسٹ سیریز کے لئے جوہانسبرگ میں کیمپ لگائیں۔ لیکن اس سے قبل مستعفی ہوگئے۔ دلچسپ بات ہے کہ سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے آسٹریلیا میں وائٹ بال کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کیلئے آسٹریلوی ریڈیو کا معاہدہ ختم کیا اور پی سی بی کے ساتھ معاوضے کے عوض نہ صرف خود تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں کام کیا بلکہ ان کی خواہش پر ہائی پرفارمنس کوچ ٹم نیلسن کو بھی کام دیا گیا۔ نئے معاہدے کے لئے پی سی بی نے انہیں اور نیلسن کو الگ ادائیگی کی۔ اس ادائیگی سے ان کے معاہدہ ختم کیے جانے کے نقصان کا بھی ازالہ ہوا۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسن گلیسپی نے معاہدہ ختم کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو ترجیح دی۔ لیکن وائٹ بال سیریز کے بعد ان کی خواہش پر ٹم نیلسن کے معاہدے کی تجدید نہ ہوسکی جس کی وجہ سے وہ احتجاجا مستعفی ہوگئے۔ شان مسعود کی قیادت میں پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑی جمعے کو جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ روانہ ہوئے تھے اسی دن گلیسپی نے جنوبی افریقا جانے سے انکار کردیا۔ اب ٹیسٹ ٹیم کے کھلاڑی کوچ کے بغیر چند مقامی کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس کرکے پہلے ٹیسٹ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ شان مسعود، سعود شکیل، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد عباس، عامر جمال، حسیب اللّٰہ اور نعمان علی جنوبی افریقامیں ون ڈے ٹیم سے الگ پریکٹس کررہے ہیں۔ پی سی بی نے عاقب جاوید کو ٹیسٹ ٹیم کا بھی عبوری ہیڈ کوچ بنایا ہے۔

اسپورٹس سے مزید