کوئٹہ(اسٹاف پورٹر)ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی غزالا گولہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں قومی کمیشن برائے حقوق الاطفال کی چیئرپرسن عائشہ رضا فاروق نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں کم عمری کی شادی کے موضوع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر ارکان بلوچستان اسمبلی ہادیہ نواز بہرانی ، کلثوم نیاز بلوچ سمیت مختلف تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں بلوچستان میں بچوں کی کم عمری کی شادی کی روک تھام کے لیے بل کے مسودے پر تفصیلی غور کیا گیا ۔ اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر غزالا گولا نے زور دیا کہ کم عمری کی شادی کی روک تھام کے لیے قانون سازی میں تمام متعلقہ فریقین کی مشاورت شامل کی جائے تاکہ بچوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے ۔ چیئرپرسن قومی کمیشن برائے حقوق اطفال عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ بل کا مقصد بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا اور ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا ہے ۔ اجلاس میں بل سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ۔