کوئٹہ(خ ن)پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کا سب سے اہم عنصر ہے۔ ایک مہذب اور ترقی یافتہ معاشرہ تشکیل دینے کے لئے ضروری ہے کہ ہر فرد تعلیم کی اہمیت کو سمجھے اور اس میں اپنا کردار ادا کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہدہ کونسل کے زیراہتمام گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول ہدہ پرائمری سیکشن میں سالانہ امتحانات کے نتائج کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے ہدہ کونسل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کونسل کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کی جانے والی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ تقریب کے دوران میر لیاقت لہڑی نے طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کے لئے 30 ہزار نقد دیئے ،مزید برآں انہوں نے سکول کی بہترین استانی کے لئے 10 ہزار روپے نقد انعام دیا۔انہوں نے سکول کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے 40 کرسیاں فراہم کرنے اور ضرورت مند طالبات کو یونیفارم دینے کا بھی اعلان کیا۔ ہدہ کونسل کے صدر عبد العزیز لانگو اور جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ سلیم بلوچ نے کونسل کی جانب سے بھی 10 کرسیاں اور 25 طالبات کے لئے یونیفارم دینے کا اعلان کیا،اس موقع پر سکول کی وائس پرنسپل فضیلہ اور پرائمری سیکشن کی انچارج روبینہ بلوچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر لیاقت لہڑی اور ہدہ کونسل کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے طالبات کی تعلیمی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔ لیاقت لہڑی نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ تعلیم صرف فرد کی نہیں بلکہ معاشرے کی ترقی کی ضامن ہے۔ تعلیم یافتہ معاشرہ ہی غربت، جہالت، اور دیگر سماجی مسائل سے نجات حاصل کر سکتا ہے۔ ہدہ کونسل اور دیگر اداروں کی جانب سے ایسے اقدامات قابل تقلید ہیں، جن کا مقصد بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی ہے۔یہ تقریب علاقے میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ مختلف تنظیموں اور افراد کو تعلیمی میدان میں کردار ادا کرنے کی ترغیب دینے میں کامیاب رہی۔