کوئٹہ ( پ ر) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی،بلوچستان نیشنل پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کا مشترکہ اجلاس کچلاک میں پارٹی ضلع کوئٹہ کے سینئر معاون سیکرٹری سعید خان کاکڑ کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں بی این پی کے رہنماء ملک مجید کاکڑ ، پی ٹی آئی تحصیل کچلاک کے صدر وصیل خان،سید شمس الدین، پشتونخوامیپ کے صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ، ضلع سینئر معاون سیکرٹری نصیر احمد کاکڑ، تحصیل کچلاک سیکرٹری ملک نادر کاکڑ ودیگر ارکان نے شرکت کی ۔ اجلاس میں تحصیل کچلاک میں گیس پریشر کی شدید کمی،بندش لوڈشیڈنگ، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، امن وامان کی ابتر صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل اوراس کے حل کو زیر غور لایا گیااور آئندہ کے لائحہ عمل میں مختلف فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ 29دسمبر اتوار کو بلوچستان نیشنل پارٹی کے کے مرکزی رہنماء ملک عبدالمجید کاکڑ کی رہائش گاہ پر اولسی جرگہ منعقد کیا جائے گا ۔ اور کچلاک کے مسائل ان کے حل کے لیے سیاسی جمہوری پارٹیوں کے رہنماؤں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو مدعو کرکے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اجلاس سے رہنماؤں نے کہا کہ فارم 47کی مسلط حکومت شروع دن سے عوام کو امن وامان اور انسانی زندگی کی بنیادی سہولیات دینے میں مسلسل ناکام رہی ہے ، عوام کے حق رائے دہی پہ ڈاکہ ڈالنے والوں نے عوام کے حقوق پر بھی ڈاکہ ڈالا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گرمیوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ گیس کی بھی لوڈشیڈنگ جاری تھی اور اب سردیوں میں بھی گیس کی لوڈشیڈنگ ، پریشر کی شدید کمی اور بندش کے مسئلے سے عوام مشکلات سے دوچار اور غم وغصے کی حالت میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی قلت کے باعث کچلاک کے مختلف دیہات کے عوام دور دراز علاقوں سے پانی لانے پر مجبور ہیں۔