راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)مری میں تجاوزات کے خلاف آپریشن اور تعمیرات کو گرانے کے خلاف مقامی آبادی میں اضطراب نے احتجاج کی شکل اختیار کرلی جس کے بعد مسلم لیگ ن کے سوا تمام سیاسی قوتوں نے مری ڈیلپمنٹ پراجیکٹ کے خلاف مشترکہ محاز بنا لیا ہے۔احتجاج روکنے کیلئے مری میں دفعہ 144کے تحت پابندیاں لگائی گئیں ۔ ادھر احتجاجی صورتحال کو ٹھنڈا کرنے کیلئےآر پی او راولپنڈی اور کمشنر راولپنڈی بھی مری پہنچے ہیں اور انہوں نےرکن قومی اسمبلی راجہ اسامہ اشفاق سرور کے ہمراہ مرکزی انجمن تاجران کے وفد سے ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق انتظامی افسران نےتاجروں کو یقین دلایا کہ حکومتی احکامات عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے لئے جاتے ہیں اس لئے تمام تر اقدامات کے لئے مقامی لوگوں کو آن بورڈ لیا جائے گا اور انکی رائے کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق مری میں طویل عرصہ سے آپریشن جاری ہےجبکہ مقامی لوگوں کے نقشے پاس ہورہے نہ ہی ان کے تحفظات کو دور کیا جارہا ہے۔ بھاری مالیت کی عمارتوں کو بلڈوز کیا گیا ہے۔