• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیارے بچو! دنیا میں لاتعداد چیزیں ایسی ہیں،جن سے لوگوں کی اکثریت ناواقف ہے جو بڑی حیرت انگیز ہیں۔ ان میں سے چند کے بارے میں ہم آپ کو بتا رہے ہیں۔

ڈایا بولیکل آئرن کلیڈ بیٹل

آج میں آپ کو ایک ایسے کیڑے کے بارے میں بتارہی ہوں جس کے بارے میں سن کر آپ ششدر رہ جائیں گے۔

ڈایا بولیکل آئرن کلیڈ بیٹل ایسا سخت جان کیڑا ہے کہ گاڑی کے ٹائر کے نیچے بھی آجائے تو کچلا نہیں جاسکتا،اس کا اپنا وزن 0.5 گرام ہے لیکن یہ اپنے وزن سے 39,000 ((انتالیس ہزار )) گنا زیادہ وزن برداشت کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔ یہ کیڑا امریکہ اور میکسیکو میں پایا جاتا ہے۔

دنیا کا سرد ترین شہر

روس کا شہر نورلسک کو دنیا کا سرد ترین شہر کہا جاتا ہے۔ یہاں کے رہائشیوں کو اوسطاً منفی 61 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کا سامنا ہوتا ہے۔یہ شہر ماسکو سے 1800 میل دور واقع ہے اور یہاں پر پہنچنا طیارہ یا کشتی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

یہاں گھروں پر پائپ نہیں لگائے جاتے کیونکہ پانی جمنے سے ان کے پھٹنے کا ڈر ہوتا ہے۔ یہ شہر پورا سال 270 دن برف سے ڈھکا رہتا ہے اور ہر 3 میں سے ایک دن یہاں کے رہائشیوں کو برف کے طوفان کا سامنا ہوتا ہے۔

پودا مچھلی

سمندروں میں ایک ایسی عجیب و غریب مچھلی پائی جاتی ہے جسے پلانٹ فش کہتے ہیں، اس کی دم بالکل پودے جیسی ہوتی ہے، یہ مچھلی سمندر میں ہمیشہ سرنیچے اور دُم اوپر کرکے تیرتی ہے ،جس سے بڑی مچھلی سمجھتی ہے کہ یہ کوئی پودا ہے جس کی وجہ سے وہ اس پر حملہ آور نہیں ہوتیں۔