• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ایسوسی ایشن آف ٹور آپریٹرز کا گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے رائلٹی فیسوں میں اضافہ مسترد، واپس لینے کا مطالبہ

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) پاکستان ایسوسی ایشن آف ٹور آپریٹرز(پاٹو) نے گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے رائلٹی فیسوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے انکو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہےتاکہ سیاحت کے کاروبار کو نقصان سے بچایا جا سکے،سیاحت سے متعلق کسی بھی پالیسی یا فیصلے میں PATO اور اس کی علاقائی تنظیموں کو شامل کیا جائے تاکہ تمام سٹیک ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ،ایک مرکزی ٹورازم اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے، جس میں سیاحت سے وابستہ تمام اداروں کو نمائندگی دی جائے اور ان کی مشاورت کو یقینی بنایا جائے۔نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ایسوسی ایشن آف ٹور آپریٹرز(پاٹو) کے چیئرمین کیپٹن نیاز احمد،سینئر وائس چیئرمین ناصر حسین، نیک نام کریم و دیگرکا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان مہم جوئی اور کوہ پیمائی کے لئے جنت کی حیثیت رکھتا ہے، غیر ملکی سیاحوں کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچتا ہے،تاہم حالیہ برسوں میں گلگت بلتستان حکومت نے مہم جوئی کی فیسوں اور رائلٹی چارجز میں غیرمتناسب اضافہ کیا ہے جس سے غیر ملکی اور مقامی سیاحوں کے لئے مشکلات پید ا ہو گئی ہیں۔یہ اضافہ مقامی سٹیک ہولڈرز، جیسے پورٹرز کا لیڈر اور ہوٹلز کے لئے بھی ناقابل برداشت ہے اور ان کی آمدنی کو متاثر کر رہے ہیں اور اس سے پاکستان کی سیاحت بری طرح متاثر ہو گی۔انہوں نے وزیراعظم پاکستان اور جی بی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ حالیہ اضافے کو واپس لینے میں کردار ادا کریں تاکہ سیاحت کے کاروبار کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
اسلام آباد سے مزید