• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیہ عظمیٰ کے مسیحی ملازمین کو پیشگی تنخواہیں اور پنشن کی ادائیگی کردی، میئر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی میں کام کرنے والے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو پیشگی تنخواہیں اور پنشن کی ادائیگی کردی گئی ہے تاکہ وہ اپنا سب سے بڑا مذہبی تہوار مکمل جوش و خروش اور مذہبی عقیدت کے ساتھ منا سکیں،کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے ساتھ مل کر ان کی خوشیوں میں شرکت کریں گے۔

 کراچی میں مسیحی برادری کی بڑی اور اہم عبادت گاہ ہولی ٹرینیٹی چرچ،سینٹ اینتھونی چرچ اور سینٹ پیٹرک چرچ کا دورہ کرکے کارڈینل اور بشپس کے ساتھ ان کی خوشیوں میں شرکت کریں گے اور مسیحی عبادت گاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی کے انتظامات سمیت تمام بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی، یہ بات انہوں نے سٹی کونسل کراچی کے اقلیتی ممبران کے ساتھ ایک ملاقات کے موقع پر کہی۔

 میئر نے کہا کہ کراچی کے تمام شہری ہمارے لئے برابر ہیں اور ہم ان کی خوشیوں میں شرکت کو اپنے لئے باعث اعزاز سمجھتے ہیں بلدیہ عظمیٰ کراچی میں بھی اس موقع پر تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے اور کرسمس کیک کاٹا جاتا ہے۔

ملک بھر سے سے مزید