سکھر (آئی این پی ) عوام پاکستان پارٹی کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 15سال سے حکومت میں ہے مگر کراچی میں پانی نہیں،قائداعظم کے دئیے ہوئے ملک میں ہم انتظامات ٹھیک نہیں کرسکے، 40فیصد پاکستانی آج بھی غربت میں رہتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکمران گورننس میں مکمل فیل ہوچکے ہیں،پاکستان کو حکمرانی کیلئے ایماندار لیڈر چاہیے، ہرپاکستانی کی معاشی حالت ٹھیک نہیں۔ طاقت وفاق سے صوبوں میں منتقل کی جائے،ڈسٹرکٹ اورڈویژن کو پاوردی جائے،مہنگی ترین بجلی سے ظاہرہوتا ہے کہ حکمرانی ٹھیک نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کس منہ سے بابائے قوم کے مزارپر حاضری دیگی،مسلم لیگ اورتحریک انصاف اپنے بیان سے ہٹ گئی ہے، بچوں کو تعلیم اورر وزگار نہیں دیں گے تو حالات بہترنہیں ہو سکتے۔