لاہور (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف کا کہنا ہے کیوں نہیں کہتے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو چھڑوانے کے لیے دباؤ ہے لیکن اگر دباؤ میں کچھ کیا گیا تو قوم اٹھ کھڑی ہوگی،مذاکرات کے نتیجے میں عمران کو چھوڑا تو یہی پیغام جائیگا دباؤ پر رہا کیا،سول نافرمانی 9 مئی سے بڑا جرم،پاکستان میں جب ماشل لا لگتا ہے تو کسی کو جمہوریت یاد نہیں آتی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ سول نافرمانی 9 مئی سے بڑا جرم ہے پاکستان میں جب ماشل لا لگتا ہے تو کسی کو جمہوریت یاد نہیں آتی، آج کے دن ایک قومی لیڈر شہید ہوئیں اس وقت کسی کو انسانی حقوق یاد نہیں آئے۔
انہوں نےکہا کہ ہمیں خیرات میں زندگی نہیں چاہیے، ہمیں غیرت کی موت عزیز ہے، ہم ایٹمی طاقت ہیں، عالمی قوتوں کے دباؤ میں نہیں آئیں گے،کوئی ڈکٹیشن دے گا تو ہم سب ایک نظر آئیں گے، ڈالروں کے بدلے ہمیں کوئی بے غیرتی نہیں سکھا سکتا، ہم پھندا جھول لیں گے لیکن اپنی عزت کا سودا نہیں کریں گے۔
جاوید لطیف نے کہا کہ کیوں نہیں کہتے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو چھڑوانے کے لیے دباؤ ہے۔