کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ احتجاج کی آڑ میں کسی کو پریشان کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، پارا چنارمیں حکومت خیبر پختونخوا کی ہے، ازالہ کراچی کی عوام اور سندھ حکومت بھگت رہی ہے، پانی ضائع کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر کٹوائی ہے، جلد ان کے نام بھی دوں گا جو شہر کو نقصان پہنچا رہے، واٹر کارپوریشن کے حوالے سے ایک سے دو روز میں جامع پریس کانفرنس کروں گا،جماعت اسلامی کے پاس 9ٹاؤن ہیں، وہ کہتے ہیں ہمیں فنڈز نہیں مل رہے! پھر کہتے ہیں ٹاؤن میں مثالی کام ہو رہے ہیں؟ کامران ٹیسوری کو مشورہ دوں گا کہ ایم کیو ایم کے دوستوں کو سمجھائیں ،لیاری ایکسپریس وے پر ہیوی ٹریفک چلنے کی مخالفت نہ کریں،ٹرانس کراچی کی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ریڈ لائن کا کام جلد مکمل ہوگا،2024 ءمیں لوگوں کو امید کی کرن دی ہے،ہم نے کے ایم سی کو معاشی طور پر مستحکم کیا،گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ایک پرانا رشتہ ہے، مگر میں سمجھتا ہوں کہ’’ مولا جٹ‘‘ اسٹائل میں مسائل حل نہیں ہوتے، عزیز بھٹی پارک میں شہر کا پہلا فروٹس فارم بنایا ہے،بدلتا کراچی دیکھا جا سکتا ہے، 27 دسمبر کو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی تھی، آج عزیز بھٹی پارک میں ہم نے درخت لگائے، فیصلہ کیا تھا کہ شہداء کے لیے پودے لگائیں گے۔ وہ ہفتے کو یہاں گلشن اقبال میں نو تزئین عزیز بھٹی پارک کے افتتاح کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد اور کے ایم سی کے متعلقہ افسربھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے کہا کہ عزیز بھٹی پارک میں سبزیوں کے درخت لگا کر ویجی ٹیبل گارڈن بنایا ہے، 5ہزار ماحول دوست درخت لگائے ہیں، یہ پارک طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار تھا،کے ایم سی کی موجودہ انتظامیہ نے پارک درست کرنے کا فیصلہ کیا، عزیز بھٹی پارک میں 3جنگل بنانے کا پلان ہے،یہاں اربن فاریسٹ، فوڈ فاریسٹ اور سبزیوں کے گارڈن بنائیں گے، چند روز میں ملیر ایکسپریس وے کو شاہ فیصل کالونی سے قیوم آباد تک عوام کے لئے کھول دیں گے، بلوچ کالونی ایکسپریس وے کا ایک پورشن رہ جائے گا، اسے بھی جلد مکمل کریں گے، کورنگی کازوے کے برج پر کام ہو رہا ہے، جو کام ہوئے ان سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کروں گا۔