اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نےہدایت کی ہے کہ بجلی کےسمارٹ میٹر کی تنصیب کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ بلنگ کے نظام میں شفافیت لائی جاسکے۔ وزیر اعظم نے یہ ہدایت گزشتہ روز بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران دی ۔ اجلاس میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو )، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے امور زیر بحث آئے۔وزیر اعظم نے کہا کہ اوور بلنگ کسی طور قابل قبول نہیں ؛ اوور بلنگ میں ملوث افسران کے خلاف سخت کاروائی ہو گی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بجلی چوری کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات لئے جائیں۔وزیراعظم نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کی تعیناتی کے عمل میں سست روی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انتہائی شفاف عمل کے ذریعے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کی تعیناتی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں افرادی قوت کی بھرتی میرٹ پر کی جائے ؛ بھرتیوں کے عمل میں شفافیت پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ نیپرا کے دیئے گئے ٹارگٹ کے حصول کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اجلاس کو لیسکو، پیسکو اور فیسکو کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔