کراچی (اسٹاف رپورٹر) چوکرز اس بار تاریخ بدل دی۔ بڑے میچز میں ہارنے والی جنوبی افریقا نے ناممکن کو ممکن بناتے ہوئے جون میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔فتح پاکستان کے دروازے سے واپس لوٹ گئی۔ پاکستان کے خلاف سنچورین ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 148رنز کے ہدف کے تعاقب 99رنز پر8وکٹ گر گئے تھے لیکن مارکو یانسن اور ربادا نے نویں وکٹ کی شراکت میں8اوورز میں51رنز بناکر جنوبی افریقا کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد دو وکٹ سے فتح دلادی ۔ محمد عباس ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے لیکن دیگر بولرز سپورٹ نہ کرسکے۔ کپتان نے اسپنرز کو گیند نہیں دی۔ پونے چار سال بعد کم بیک کرنے والے فاسٹ بولر محمد عباس نے19.3اوورز میں کیریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے54رنز دے کر چھ وکٹ حاصل کئے ۔ انہوں نے لنچ تک مسلسل سوا دو گھنٹے بولنگ کی اور میچ میں سات وکٹ لیے۔یانسن نے24گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے16اور ربادا نے26گیندوں پر31رنز پانچ چوکوں کی مدد سے بنائے۔ ایڈم مارکرم نے پہلی اننگز میں89اور دوسری اننگز میں37رنز بناکر بہترین پلیئر کا ایوارڈ حاصل کیا۔ سنچورین میں اتوار کو میچ کا فیصلہ چوتھے دن چائے کے وقفے کے بعد ہوگیا۔ پہلی اننگز میں پاکستان 211 رنز پر آؤٹ ہوئی اور جنوبی افریقا نے301رنز بنا کر 90 رنز کی برتری حاصل کی، دوسری اننگز میں قومی ٹیم 237 رنز بناسکی تھی۔ تاہم تیسرے دن کے اختتام پر محمد عباس اور خرم شہزاد نے صرف27رنز پر تین بیٹرز پویلین بھیج کرپروٹیز بیٹرز کو خوب پریشان کیا ۔اوپنر ٹونی ڈی زورزی2،ریان ریکلٹن صفر اور ٹرسٹن اسٹبز ایک رن بنا سکے۔ چوتھے دن ایڈن مارکرم اور کپتان ٹیمبا باووما نے43رنز کی اہم شراکت قائم کی تاہم عباس نے پہلے مارکرم کو 37 اور پھر باووما کو 40 رنز پر پویلین بھیج کر ہوم سائیڈ کی مشکلات میں اضافہ کیا۔ ٹی وی ری پلے کے مطابق کپتان آؤٹ نہیں تھے اور گیند پینٹ سے لگی تھی لیکن ٹیمبا نے ریویو لینے سے گریز کیا۔باووما کا ایک مشکل کیچ فائن لیگ پر نسیم شاہ نے ڈراپ کیا۔ ڈیوڈ بیڈنگھم14،کائل ویرینے2جبکہ پہلی اننگز میں81رنز کی باری کھیلنے والے کاربن بوش کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔ دسویں نمبر پر آنے والے کگیسو ربادا نے غیر معمولی اننگز کھیل کر یانسن کے ساتھ ملکر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔ نسیم شاہ اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔