پشاور( وقائع نگار)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت، ثقافت ، آثارقدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا زاہد چن زیب نے کہاکہ سخت سردی میں تاریخ میں پہلی مرتبہ شندور آئس سپورٹس ہاکی کافائنل میچ شندور ٹاپ پر ممکن بنایا اور ساتھ ہی گلگت بلتستان کی ٹیم کی شمولیت بھی یقینی بنائی۔ انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور منتظمین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ دنیا کے بلند ترین گراؤنڈ پر تاریخ رقم کی گئی ہے اور اب ہر سال اس ایونٹ کا نہ صرف انعقاد کیا جائیگا بلکہ یہاں موسم سرما میں بھی سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینگے تاکہ سیاح موسم سرما میں بھی شندور ٹاپ کا دورہ کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شندور آئس ہاکی کے فائنل میچ کے کامیاب انعقاد پر کیا۔خیبرپختونخواٹورازم اتھارٹی ،ونٹر سپورٹس فیڈریشن ، ضلعی انتظامیہ اپر چترال اور چترال سکاؤٹس کے باہمی اشتراک سے گزشتہ روز شندور ٹاپ پر چترال اور گلگت بلتستان کی ٹیموں کے مابین شندور آئس سپورٹس چیلنج مقابلوں میں آئس ہاکی کا فائنل میچ شندور کی منجمد جھیل پر کھیلا گیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی تاشفین حیدر مہمان خصوصی تھے۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر اپرچترال حسیب خلیل، ڈائریکٹر ایڈمن و فنانس ٹورازم اتھارٹی عمر ارشد خان،نائب صدر ونٹر سپورٹس فیڈریشن شاہد ندیم ،شاہد علی یفتالی، چترال سکاؤٹس اور گلگت بلتستان کے عہدیداران سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔فائنل میچ کے ہاف ٹائم میں دونوں ٹیموں کے مابین میچ 2-2 گول سے برابر رہاجبکہ میچ کا فیصلہ پیلنٹی سٹروکس پر ہوا ۔ جس میں گلگت بلتستان کی ٹیم نے 2 جبکہ چترال کی ٹیم 1 گول سکور کر سکی۔