پشاور( وقائع نگار ) حمزہ فاونڈیشن ویلفیئر تھیلیسمیا ہسپتال پشاور کی جانب سے رواں سال بھی تھیلیسیمیا وہیموفیلیا سے متاثرہ بچوں کو سروسز فراہمی کا سلسلہ جاری رہا اور اب تک 1504 رجسٹرڈ مریضوں کی جانیں بچانے کیلئے 2لاکھ 7ہزار سےزائد بلڈ بیگس فراہم کیے گئے۔ تھیلیسمیا کی روک تھام کیلئے ادارے کیجانب سے تھیلسیمیاسے متاثرہ خاندانوں کے خواتین کے 427سی وی ایس ٹیسٹ کرکے مرض کو مزید بچوں تک پھیلانے کا سلسلہ روکا گیا ہے۔ حمزہ فاونڈیشن کے چیئرمین اعجاز علی خان کے مطابق انکےپاس تھیلیسیمیا کے1302, ہیموفیلیا کے138 ودیگر مریض رجسٹرڈ ہیں اور ادارے کیجانب سے 19 سال سے فلاحی وسماجی سرگرمیوں اور مریضوں کو دی جانے والی مفت طبی سہولیات کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ یہ ادارہ 2006سے تھیلسیمیا وہیموفیلیا سے متاثرہ غریب ونادار مریضوں کوسٹیٹ آف دی آرٹ مشینری وآلات کے ذریعے محفوظ طریقے سے انتقال خون کی فراہمی اور سکریننگ کے علاوہ ضروری ادوایات دے رہا ہے ۔ تھیلسیمیا کی روک تھام کیلئے مفتی تقی عثمانی کے فتوے کی روشنی میں سی وی ایس ٹیسٹ کیے جارہے ہیں تاکہ مزید تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کی پیدائش نہ ہو جو بچوں سمیت پورے خاندان والوں کیلئے تکلیف و اذیت کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شادی سےقبل تھیلیسیمیا ٹیسٹ کا نفاذ اس مرض کو مزید پھیلنے سےروک سکتا ہے۔ اعجاز خان کا کہناتھا کہ تھیلیسیمیا کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اوراس کے تدارک کیلئےحکومت سمیت مخیرحضرت کو ہمارے ساتھ بھرپورتعاون کرنا چاہیے