• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنوقابل پروگرام ‘مفت آئی ٹی کورسزکی کلاسزکا عملی آغاز

پشاور ( وقائع نگار )خیبر پختونخواکے تحت الخدمت بنو قابل فری آئی ٹی کورسز کی کلاسز کا باضابطہ آغاز کردیا گیا جس کے لئے ابتدائی طور پر صوبہ بھر میں قائم 20 مراکزقائم کردیئے گئے ہیں جس میں آئی ٹی سے متعلق 16کورسز میں طلبہ اور طالبات کو مفت کورسزکرائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں جماعت اسلامی کے صوبائی ہیڈکوارٹر المرکزالاسلامی پشاور میں الخدمت فاونڈیشن کے صوبائی صدر خالدوقاص کی صدارت میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی عبدالواسع نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔تقریب میں الخدمت بنوقابل پروگرام کے صوبائی ڈائریکٹر و نائب امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی میاں صہیب الدین کاکا خیل، صدر الخدمت فاؤنڈیشن پشاور ارباب عبدالحسیب، منیجر بنو قابل پروگرام خیبر پختونخوا کامران زرین،صوبائی میڈیا منیجرنورالواحدجدون اور بنوقابل پروگرام کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹرسلمان کریم سمیت بنو قابل پروگرام کے رجسٹرڈ طلباء و طالبات اور معززین شہر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔صدر الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا خالد وقاص نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنو قابل پروگرام خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو تعلیم یافتہ اور باروزگار بنانے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام سے نوجوانوں کو بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی ملے گی، جو نہ صرف ان کو روزگار کے مواقع فراہم کرے گی بلکہ ملکی معیشت کو بھی مضبوط بنائے گی۔امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی عبدالواسع نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بنو قابل پروگرام کے تحت رجسٹرڈ طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کو فری آئی ٹی ٹریننگ فراہم کرے گا، جس کے ذریعے وہ فری لانسنگ کے شعبے میں قدم رکھ کر روزگار کےقابل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود الخدمت فاونڈیشن خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کورسز کو کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد طلبہ وطالبات نہ صرف اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکیں گے بلکہ ملک کی ترقی اور معیشت کو بھی سہارا دیں گے واضح رہے کہ الخدمت بنوقابل پروگرام کے تحت پشاور،مردان،بونیر،بنوں،دیرلوئر،دیر اپر،سوات میں پہلے مرحلے میں 20سینٹرزقائم کئے گئے ہیں جہاں پر طلبہ وطالبات کوآئی ٹی کے16کورسزکے ذریعے ہنرمندبنایاجائے گا
پشاور سے مزید