• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

9 مئی واقعے کو منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا،حنیف عباسی

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پریس کانفرنس کروا کر جنہیں چھوڑا گیا وہ بھی 9 مئی کے منصوبہ سازوں میں شامل ہیں۔اتوار کو راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ ایٹمی پروگرام اس قوم کا ہے اور قوم کو ملک کیخلاف سازش پر نظر رکھنی ہے۔ 9 مئی واقعے کو منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا، حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان کو شام اور عراق ماڈل پر پرکھا جا رہا ہے، بڑے عرصے سے سول نافرمانی کی بات ہورہی ہے، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے سامنے احتجاج اور امداد نہ دینے کے خطوط لکھے گئے جبکہ لابنگ فرم کے ہائرڈ کانگریس مین کے ذریعے حملہ آور ہونے کی کوشش بھی کی گئی۔ تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ معیشت بہتر ہورہی تھی تو کچھ لوگ پاکستان پر حملہ آور تھے اور 26 نومبر کو پاکستان پر حملہ کر کے ملک کی پیٹھ میں چھرا گھونپا گیا۔ بدقسمتی سے افغانستان جیسا ملک بھی آنکھیں دکھا رہا ہے اور پی ٹی آئی کے ٹوئٹر اکاؤنٹس اس سب پر شادیانے بجا رہے ہیں۔
پشاور سے مزید