کراچی ( اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹاؤن چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ، وائس ٹاؤن چیئرمین محمد الیاس،نائب امیر ضلع گلبرگ فاروق نعمت اللہ، چیئرمین یوسی 4 عظیم اللہ حسینی و دیگر یوسی چیئرمین کے ہمراہ رضوان پارک، فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں 5روز ہ گل داؤدی پہلے شو کا افتتاح کردیا، شو میں 100 سے زائد اقسام کے پھول 10 ہزار سے زائد پلانٹس لگائے گئے ہیں، گلبرگ ٹاؤن کے اپنی نرسری میں پھول اور پودے تیار کیے جاتے ہیں اور 16 ایکڑ پر مشتمل نرسری قائم ہے، منعم ظفر خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کے وسائل پر قابض حکمرانوں کا تعاقب بھی کرتے رہیں گے اور حق بھی حاصل کریں گے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی ٰسندھ مراد علی شاہ کے لیے سوچنے کا مقام ہے کہ اسلام آباد میں 42 دن میں انڈر پاس مکمل ہوجاتا ہے لیکن کراچی شہر کے منصوبے ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد بھی مکمل نہیں ہوتے ، وزیر بلدیات اور قابض مئیر بتائیں کہ کریم آباد کا انڈر پاس 2 سال میں مکمل ہونا تھا ،ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود 30 فیصد بھی کام نہیں ہوا ،حکمرانوں نے کراچی کو سونے کی چڑیا سمجھا ہوا ہے،پیپلز پارٹی کے رہنما بلاول بھٹوزرداری کہتے ہیں کہ موہن جو دڑو میں سیکڑوں سال پہلے سیوریج کا نظام موجود تھا وہ بتائیں کہ پیپلز پارٹی گزشتہ 16 سال سے سندھ اور کراچی پر قابض ہے انہوں نے کراچی کے لیے پانی کی فراہمی کا مسئلہ اور سیوریج کا نظام کیوں ٹھیک نہیں کیا؟ پیپلز پارٹی نے ورلڈ بنک سے 1.6 بلین روپے وصول کیے اور کہا کہ پانی اورسیوریج کے مسائل حل کریں گے،5 سال گزر گئے لیکن مسائل حل نہیں ہوئے،پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت و کے ایم سی اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کے لیے تیار نہیں ہے ، جماعت اسلامی کا ویژن شہر کی تعمیر و ترقی ہے اور ہم اسی ویژن کے تحت کام جاری رکھیں گے۔