کراچی(اسٹاف رپورٹر) دریائے سندھ پر چھ کینال اور تین ڈیمز بنانے کے خلاف سندھ یونائیٹڈ پارٹی کراچی ڈویژن کی جانب سے کراچی پریس کلب پر چوبیس گھنٹوں سے جاری بھوک ہڑتال ختم کردی گئی، صدر سندھ یونائیٹڈ پارٹی و کنوینر دریائے سندھ بچاؤ تحریک سید زین شاہ اور جی ڈی اے کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صفدر عباسی نے کیمپ پر پہنچ کر بھوک ہڑتال کے شرکاء کو جوس پلا کر ہڑتال ختم کروائی، پارٹی مرکزی سینئر نائب صدر روشن علی برڑو کی قیادت میں ہونے والی بھوک ہڑتال میں وکلاء، صحافی ، ادیب، دانشور اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، بھوک ہڑتال کے شرکاء سےسید زین شاہ نے کہا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام ، معیشت کمزور ، سیاست آزاد نہیں ہے، الیکشن جعلی ہوتے ہیں، ملک کے وسائل پر بیوروکریسی اور کرپٹ سیاستدانوں نے قبضہ کر کے مستقل طور پر ایسے ارادے بنائے اور ایکٹ منظور کئے کہ پاکستان میں یونیٹری فارم آف گورنمنٹ ہو، ملک کی ملکیت اداروں کے ماتحت کی گئی، صوبائی اور وفاقی حکومت کو کٹھ پتلی کا کھیل بنایا گیا، وفاقی حکومت اور شریف برادران سن لیں سندھ کے عوام نے سودہ نہیں کیا ہے، دریائے سندھ پر کینالوں کی تعمیر میں کے منصوبے میں سندھ اور پنجاب کی حکومتیں شامل ، کینال بننے کے بعد سندھ بنجر بن جائے گا، دریائے،بیداری مہم پورے پاکستان میں چلائیں گے، پنجاب میں جاکر بتائیں گے کہ سندھ کے ساتھ نا انصافی ہو رہی ہے، انڈس ڈیلٹا تباہ ہو جائے گا۔