کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیر سٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اس شہر کو مسائل کے بھنور سے پتنگ نکال سکتی ہے نہ ترازو، اس شہر کو مسائل سےنجات صرف تیر دے سکتا ہے ، 2024 میں ہم کے ایم سی کو پیروں پر کھڑا کررہے ہیں ، 2025 کورنگی کازوے، ملیر ایکسپریس وے مکمل ہونے کا سال ہے،اس نئے سال میں پانی کی لائنوں سے شہریوں کو پانی ملے گا، 2025میں تمام ترقیاتی کاموں کومکمل کریں گے، میں ہمیشہ کہتا ہوں ترازو ٹھیک کھڑا نہیں ہو سکتا،سیف الدین ایڈووکیٹ اگر پارک کا افتتاح کر رہے ہیں تو میں بہت خوش ہوں، اپنے ٹاؤن چیئرمین کو بھی سمجھائیں وہ سڑکیں بنائیں کام کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میوہ شاہ قبرستان سڑک اور ملحقہ علاقوں میں نوتعمیرشدہ سڑکوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ا س موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان اور دیگر منتخب نمائندے بھی موجود تھے، میئر نے کہا کہ لوگوں کا بڑی تعداد میں یہاں موجود ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ پاکستان پیپلز پارٹی کی کارکردگی سے مطمئن ہیں جس نے اس علاقے کی تقدیر بدلی ہے ہمارے ڈھائی سال ابھی باقی ہیں، پیپلزپارٹی تمام اضلاع میں کام کر رہی ہے۔