• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سال 2024، رینجرز اور پولیس کے سنگین جرائم کیخلاف 102 مشترکہ آپریشنز، 142 پروفائل ملزمان گرفتار

کراچی( اسٹاف رپورٹر )رینجرز نے سال 2024 میں پولیس کے ساتھ دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، اغوا ء برائے تاوان اور بھتہ خوری کے خلاف 102 آپریشنز کیے۔مختلف کاررائیوں کے دوران 142 ہائی پروفائل ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار ملزمان میں فتنہ الخوارج، بلوچستان لیبریشن آرمی، بی ایل ایف، ٹی ٹی پی اور لیاری گینگ وار کے دہشت گرد بھی شامل۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف مجموعی طور پر 87آپریشن کیے گئے اور 109 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا، جن میں بدنام زمانہ محمد جاوید سواتی عرف بھائی جان، شاہد حسین عرف عمر، اکبر زیب خان، آصف عرف آصف دبئی، امتیاز مغیری، محمد علی عرف محمد، وسیم عرف ببلو، عبدالرحمان اور عبدالغفاروغیرہ شامل ہیں۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ،بھتہ خوری کے خلاف مجموعی طور پر 14 آپریشن میں 32 بھتہ خوروں کو گرفتار کیا گیا،جن میں حمید اللہ عرف ٹڈا، عبدالرحمان عر ف رحمان، محمد رفیق عرف تھتھا، فرحان عرف انڈین، سلمان عرف ملا عرف یاسین، محمد حارث عرف کلی، امیر حمزہ اور حارث عرف ناک کٹا جیسے مطلوب ملزم شامل ہیں۔اغواء برائے تاوان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اغواء کارمحمد خان کو گرفتار کیا گیا۔مندرجہ بالا کارروائیوں کے دوران 21 ہتھیار اور مختلف اقسام کا ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر اندرون سندھ میں مشترکہ 94 کارروائیوں کے دوران 197 ملزمان کو گرفتار کر لیا،جن میں چاکر، خیر محمد، عطاء محمد جیسے بدنامِ زمانہ ڈاکو شامل ہیں ،جن پر سندھ گورنمنٹ کی جانب سے بھاری ہیڈ منی بھی مقرر کی گئی تھی۔ ملزمان کے قبضے سے مختلف قسم کے 68 ہتھیار اور 1854 ایمونیشن برآمد کیا۔