کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی و چیئر مین کراچی واٹر کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی ماہانہ آمدنی میں 65 فیصد اضافہ ہوگیا ہےآمدنی میں اضافہ کرکے فراہمی و نکاسی آب کی بوسیدہ اور پرانی لائنوں کو تبدیل کیا جا رہاہے جب میں نے میئر کراچی کا عہدہ سنبھالا تو کراچی واٹر کارپوریشن کی آمدنی صرف 1 ارب 10 کروڑ روپے تھی جو اب ایک ارب 86 کروڑ روپے سے تجاوز کرگئی ہے اور اس طرح ادارے کی ماہانہ آمدنی میں 65 فیصد اضافہ ہوگیا ہے جس سے کراچی میں پانی و سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے اور انفراسٹرکچر کو ترقی دینے میں مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ واٹر کارپوریشن میں جدید اصلاحات اور افسران و ملازمین کی بہترین کارکردگی اور حکمت عملی کے باعث دو سال کی قلیل مدت میں واٹر کارپوریشن کی ماہانہ آمدنی میں 76 کروڑ روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جو واٹر کارپوریشن کی تاریخ میں سب سے زیادہ ریکارڈ آمدنی ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے افسران اور عملہ اس کے لئے مبارکباد کا مستحق ہے۔