اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد) وزیر اعظم شہباز شریف نے نیو گوادر انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے پروازیں شروع کرنیکی منظوری دیدی ۔قومی فضائی کمپنی نیو گوادر انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے ہفتہ وار تین پروازیں اندرون ملک چلایا کرے گی جبکہ ہفتہ میں دو انٹر نیشنل پروازیں سلطنت عمان کے دارالحکومت مسقط کیلئے چلائے گی۔ یہ یقین دہانی پی آئی اے کے سینئر عہدیدار نے پیر کو ایوان وزیر اعظم میں پرائم منسٹر محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں کرائی ۔ شہباز شریف نے اجلاس میں کہا کہ پاکستان کے آزمودہ دوست ملک چین نے 55 ارب روپے مالیت سے نیو گوادر انٹر نیشنل ایئر پورٹ جو رقبہ کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا ائر پورٹ ہے کو 14اکتوبر 2024 کو پاکستانی قوم کیلئے تحفہ کے طور پر پیش کیا۔ پاکستان کی حکومت نیو گوادر انٹر نیشنل ایئر پورٹ کو جلد سے جلد فعال کرے گی۔ اس کیلئے تمام انتظامات بشمول سکیورٹی کر لئے گئے ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر دفاع و ایوی ایشن خواجہ محمد آصف نے ایئر پورٹ کی آپریشنلائزیشن کیلئے تیاریوں پر روشنی ڈالی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی سیکرٹری سول ایوی ایشن احسن علی منگی ، سیکر ٹری وزارت دفاع اور دوسرے عہدیداروں نے شرکت کی۔ پاکستان ائر پورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ایئر وائس مارشل ذیشان سعید نے ایئر پورٹ کے متعلق دوسری مصروفیات کی وجہ سے وزیر اعظم اور اجلاس کے شرکاء کو آن لائن بریفنگ دی۔