• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2023 کی نسبت 2024 میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے میں شہریوں کی عدم دلچسپی

کراچی( افضل ندیم ڈوگر) کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کا عروج دیکھنے میں آرہا ہے ایسے میں جدید سہولتوں کے باوجود ڈرائیونگ لائسنس بنوانے میں شہریوں کی عدم دلچسپی بھی الارمنگ ہے۔ ڈی ائی جی ڈرائیونگ لائسنس برانچز اقبال دارہ نے اس نمائندے کو بتایا کہ سال 2023 کی نسبت سال 2024 میں کراچی میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کا رجحان کم رہا۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت 2024 میں مستقل ڈرائیونگ لائسنس کی تعداد 22084 کم رہی۔ اعدادوشمار کے مطابق سال 2023 میں 3 لاکھ 30 ہزار 27 شہریوں نے مستقل ڈرائیونگ لائسنس بنوائے جبکہ سال 2024 میں اب تک 280943 ڈرائیونگ لائسنس بنوائے جاچکے ہیں۔ سال 2023 میں 282385 لرنر ڈرائیونگ لائسنس بنوائے گئے۔ رواں سال اب تک 2 لاکھ 85 ہزار 384 تربیتی لائسنس بنائے جاچکے۔ گزشتہ سال 22813 جبکہ 2024 میں 26553 انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے جاچکے ہیں۔ ڈی آئی جی اقبال دارا نے بتایا کہ گزشتہ سال پرانے نظام کے تحت ڈرائیونگ لائسنس بنائے جاتے تھے۔ سال 2024 میں سندھ میں ڈرائیونگ لائسنس برانچز کو جدید ترین کیا گیا۔ کرپشن انتہائی حد تک ختم کی گئی نظام کو شفاف کیا گیا تمام برانچز کو سی سی ٹی وی کیمروں سے لیس کیا گیا اس کے ساتھ ہی سندھ بھر کی تمام برانچز کو ان لائن کر دیا گیا اب دنیا بھر میں پاکستانیوں کیلئے سندھ ڈرائیونگ لائسنس آن لائن ہے۔ شہری کسی بھی ملک یا کسی بھی شہر میں آن لائن لرنر لائسنس بنوا سکتے ہیں۔ سندھ کا لائسنس رکھنے والے تجدید بھی آن لائن کر سکتے ہیں۔
ملک بھر سے سے مزید