اسلام آباد(جنگ رپورٹر)عدالت عظمیٰ میں دائر کی گئی ایک نئی آئینی درخواست میں 26ویں آئینی ترمیم کو چیلنج کرتے ہوئے عدالت سے اسے آئین کے بنیاد ی ڈھانچہ سے متصادم قرار دیتے ہوئے کالعدم کرنے کی استدعا کی گئی ہے ،لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر پنجاب بارکونسل کے ممبر ،درخواست گزار توفیق آصف کی جانب سے بدھ کے روز آئین کے آرٹیکل 184(3)کے تحت دائر کی گئی درخواست میں صدر پاکستان ، قومی اسمبلی کی ججوں کی تقرری کی خصوصی کمیٹی،جوڈیشل کمیشن( کو ان کے سیکرٹریوں کے ذریعے) وفاق پاکستان ،سیکرٹری دفاع ،سیکرٹری قانون اور سپریم کورٹ کے رجسٹرار کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ سپریم کورٹ نے2014میں درخواست گزار ہی کی ایک آئینی درخواست پر قراردیا تھا کہ آئین کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف کسی بھی قسم کی کوئی قانون سازی یا ترمیم نہیں کی جاسکتی ہے۔