کراچی ( ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ حکومت مذاکرات کیلئے نیک نیتی سے کوشش کررہی ہے، جیلوں میں موجود لوگ عدالتوں سے رجوع کریں، وکیل تحریک انصاف، فیصل چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب کو آئین اور قانون کا احترام کرنا ہوگا۔ ملکوں کو چلانے کے لئے غصہ حکمت عملی نہیں ہوتا ہر ادارے کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا پڑے گا، سینئر صحافی و تجزیہ کار ،منیب فاروق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران کو اپنے رویئے کو بہتر کرنا پڑے گا، سینئر صحافی و تجزیہ کار ،منصور علی خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اپنا طرز سیاست تبدیل کرناہوگا۔ میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ2024ء کا اختتام، تحریک انصاف کی جنوری2025ء سے امیدیں۔ ٹرمپ کی حلف برداری اور مذاکرات سے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا راستہ نکلے گا؟ بانی پی ٹی آئی موجودہ نظام کو چیلنج نہ کریں تو گھرمیں نظر بند کئے جاسکتے ہیں۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی، احسن اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لئے قومی ایجنڈا مرتب کیا گیا ہے،میڈ ان پاکستان کا منصوبہ لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔حکومت توانائی کی لاگت کو کم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔بجلی کی قیمت زیادہ ہے تو مزدوروں کی اجرت بھی کم ہے۔اس پروگرام کے تحت مائیکرو لیول پر جاکر مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔40سے60ارب ڈالرز کی برآمدات ایس ایم ایز سے ہوسکتی ہیں۔ انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کا مرحلہ مستقل نہیں رہے گا۔سائبر سیکورٹی دنیا کے لئے ایک مسئلہ ہے۔ انٹرنیٹ سے متعلق مسائل بہت جلد حل ہوں گے۔