کراچی (نیوز ڈیسک) قومی ادارہ صحت نے بتایا ہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے چین میں پھیلنے والے ایچ ایم پی وائرس پر کوئی ایڈوائزری جاری نہیں کی ہے۔ اسلام آباد میں قائم قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ ہیومن میٹا پینو وائرس گزشتہ دو دہائیوں سے پاکستان میں موجود ہے، یہ وائرس پہلی بار پاکستان میں 2001 میں ریکارڈ کیا گیا۔ قومی ادارہ صحت کے حکام نے بتایا کہ حکومت پاکستان نے چین میں تیزی سے پھیلنے والے اس وائرس پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے اور اس حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس منگل کو طلب کیا گیا ہے جس میں صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔