• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نابینا افراد کوآئی ٹی تربیت دینا وقت کی ضرورت ہے،سیکرٹری جنرل یو بی جی

اسلام آباد(جنگ نیوز)سیکرٹری جنرل یو بی جی(ایف پی سی سی آئی ) ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں نابینا افراد کو صرف بریل کتب کی فراہمی ہی نہیں بلکہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق آئی ٹی سیکٹر میں تربیت فراہم کر کے انہیں کارآمد شہری بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے،ورلڈ بریل ڈے کے موقع پر اپنے ایک بیان میں ظفر بختاوری نے کہا کہ بریل نظام صرف نابینا افراد کے لیے ایک تحریری زبان نہیں، بلکہ ان کی خود انحصاری، عزتِ نفس، اور معاشرے میں باوقار مقام حاصل کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ خصوصی افراد کو درپیش چیلنجز کو کم کرنے اور ان کی مکمل شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بڑی کمپنیاں خصوصی افراد کو ملازمت فراہم کر کے ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہیں۔ پاکستان میں بھی نابینا افراد کے لیے آئی ٹی سیکٹر، کال سنٹرز، اور دیگر شعبوں میں مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کر سکیں۔ظفر بختاوری نے کہا کہ سرکاری اور تعلیمی اداروں میں نابینا افراد کے لیے سہولتیں فراہم کرنا اور ان کے مختص کوٹے پر بھرتی کو یقینی بنانا لازمی ہے۔ اس سلسلے میں ایک شفاف نظام متعارف کرایا جائے تاکہ کوئی ان کا حق نہ مار سکے۔ خصوصی افراد کو باوقار روزگار کی فراہمی صرف ان کے لیے ہی نہیں بلکہ ملک کی معیشت اور ترقی کے لیے بھی سود مند ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ بریل ڈے اس بات کا عہد کرنے کا موقع ہے کہ ہم نابینا اور دیگر خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور ان کے لیے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ ایک متوازن اور شمولیتی معاشرہ ہی حقیقی ترقی کی ضمانت ہے، اور پاکستان کے تمام ادارے اور معاشرتی حلقے اس میں اپنا کردار ادا کریں۔
اسلام آباد سے مزید