کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاہے کہ امید ہے وزیر اعظم دورہ کراچی میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں گے، وزیر اعظم کو ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جن سے شہر کو بجلی کی لوڈشیڈنگ جیسے مسائل سے نجات ملے،پولیس کباڑی مارکیٹ کو ریگولیٹ کرے،2025 کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کا سال ہوگا، پانی کی لائنیں توڑنے والے ہر دور میں ہوتے ہیں، ہمارے دور میں پانی کی لائنیں ڈالی جا رہی ہیں، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں 25 کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی اسکیمیں مکمل کی ہیں، یہ بات انہوں نے ناظم آباد نمبر 4، ناظم آباد نمبر 2 اور غریب آباد میں ڈپٹی میئرکراچی سلمان عبداللہ مراد کے ہمراہ نوتعمیر شدہ سڑکوں، پیور اور فٹ پاتھ کی تعمیر کا افتتاح کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سٹی کونسل کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، ڈائر یکٹر جنرل انجینئرنگ طارق مغل اور دیگر افسران اور منتخب نمائندے بھی موجود تھے، میئر نے کہاکہ یہاں ضمنی انتخابات میں یوسی کے عوام نے ہمیں سپورٹ کیا، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں پانچ ٹاؤنز میں سے ایک بھی پیپلزپارٹی کے پاس نہ ہونے کے باوجودیہاں کام جاری ہیں کیونکہ کراچی والوں کے مسائل حل کرنا ہمارافرض ہے،ضلع وسطی میں متعدد ترقیاتی کام کراچکے ہیں جن میں لیاقت آباد سے تین ہٹی تک سڑکوں کی مرمت، سیوریج نظام کی درستگی اور مختلف مقامات پر کارپیٹنگ اور پیور بلاک کی تنصیب شامل ہے،شاہراہ نور جہاں ہم بناتے ہیں اوراس کی کٹنگ کی اجازت ٹاؤن دے دیتا ہے، اگر میری یوسی میں گٹر کا ڈھکن نہیں لگا تو مجھے لگانا چاہئے، شاہ فیصل کالونی میں گٹر میں گرنے والے بچے کی موت کا افسوس ہے، بعض مقامات پر گٹر کے ڈھکن کی چوری جس کی تحقیقات کروائیں گے،انہوں نے کہا کہ جب کہتا ہوں کہ ہیوی ٹریفک لیاری ایکسپریس وے پر چلاؤ تو مصطفی ٰکمال مخالفت کرتے ہیں۔