• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی بی 45 کے نتائج میں مبینہ دھاندلی، جمعیت کی اپیل پر کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں مظاہرے، قومی شاہراہیں بلاک

کوئٹہ( نمائندگان جنگ) پی بی 45کے 15پولنگ اسٹیشن پر ری الیکشن میں مبینہ دھاندلی اور نتائج کی تبدیلی کے خلاف جمعیت علما ءاسلام بلوچستان کی اپیل پر صوبہ بھر کی طرح کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے، اس دوران کوئٹہ کے تمام داخلی اور خارجی راستے اور قومی شاہراہوں کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے احتجاجاً بند کر دیا گیا،بسیمہ، خضدار، خاران، ژوب، بیلہ ، قلات، ہرنائی ،حب اور پشین میں ہڑتال،رہنماووں نے تقاریر میں کہا کہ مینڈیٹ چوری پر خاموش نہیں رہیں گے۔جمعیت کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبد الواسع کی ہدایت پر گزشتہ روز کوئٹہ سمیت قومی شاہراہوں کو احتجاجاً بند کر کے مظاہرے کئے گئے، کوئٹہ،سبی شاہراہ کسٹم ہاؤس سبی روڈ کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک معطل رہی۔ ضلع واشک کی تحصیل بسیمہ میں بھی جمعیت کے تحصیل امیر خدائے رحیم عیسیٰ زئی کی قیادت میں کارکنوں نے سی پیک روڈ کو کراچی سے پنجگور اور کوئٹہ سے گوادرکو بند کردیا ، اس موقع پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ خضدار میں کوشک کے مقام پر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر جمعیت کے عہدیداروں و کارکنوں نے دھرنا دے کر قومی شاہراہ ٹریفک کے لئے بلاک کردی، کوئٹہ لاڑکانہ اور کراچی جانے اور آنے والے مسافروں کو شدید پریشانی و مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔خاران میں کارکنوں نے ہڑتال کی نگرانی کی۔ژوب کوئٹہ قومی شاہراہ کو احتجاجاً بلاک کیا گیا ۔
اہم خبریں سے مزید