کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ تاجروں، صنعتکاروں سمیت تمام کاروباری افراد کی اہمیت کو سمجھتے ہیں، سب سے زیادہ سہولتیں تاجر برداری کو دینے کی ضرورت ہے ، کراچی میں امن امان کی صورتحال بہت بہتر ہے، لیکن اشوز ہیں ، اسٹریٹ کرائمز کے حوالے سے بھی کراچی کی صورتحال دنیا کے دوسرے شہروں سے بہت بہتر ہے۔ کراچی میں کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز کی جانب سے اپنے اعزاز میں ظہرانے کے موقع پر بات کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون تاجروں کے سنہری موقع ہے، اس پر کوئی امپورٹ ڈیوٹی نہیں اور دس سالہ ٹیکس استثنا ہے اور دھابیجی اسپیشل اکنامک زون سی پیک سے منسلک ہے، جس کی وجہ سے تاجروں اور صنعتکاروں کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا، ملیر ایکسپریس وے دو دن بعد شروع ہونے جا رہا ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری افتتاح کریں گے، ملیر ایکسپریس وے، کراچی خواہ پورے پاکستان کے لئے بہت بڑا اور جدید ترین تحفہ ہے، یہ ایکسپریس وے صنعتکاروں کی رسائی کو آسان بنانے میں مدد دے گا۔