کراچی (شکیل یامین کانگا ) عالمی چیمپئن محمد آصف نے سری لنکن حریف تھاہا ارشاتھ کو شکست کو دیکر سارک اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔ محمد آصف سے قبل 2019 میں پہلی سارک چیمپئن شپ پاکستان کے اسجد اقبال نے جیتی تھی۔ یہ ان کے کیریئر کا مجموعی طور پر آٹھواں ٹائٹل ہے۔ کولمبو میں چیمپئن شپ کے فائنل میں محمد آصف نے اپنی کلاس ثابت کرتے ہوئے یکطرفہ مقابلے کے بعد5-0 سے آسان فتح حاصل کی۔ انہوں نے پہلے فریم میں 99-03سے کامیابی حاصل کی ۔ دوسرے فریم میں 73-46، تیسرے فریم میں 85-38، چوتھے فریم میں 50کا بریک کھیلتے ہوئے 109-6اور پانچویں فریم میں 67کا بریک کھیلتے ہوئے 74-0سے جیت کر ٹائٹل حاصل کیا۔ ایونٹ میں پاکستان کے محمد نسیم اختر کو سیمی فائنل میں محمد آصف کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سارک چیمبر آف کامرس کے سابق چیئر مین میکی ہاشم اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ اس موقع پرسارک اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عالم گیر شیخ، سیکریٹری جنرل سنیل بجاج و دیگر موجود تھے۔