کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئےغیر ملکی ٹیموں کی پاکستان آمد فروری کے پہلے ہفتے میں شروع ہوگی، ٹیموں کے پریکٹس میچز 12 سے18فروری تک کھیلے جائیں گے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ہر ٹیم کو 2 پریکٹس میچز دے گی۔ ٹیمیں پریکٹس میچز کھیلنے یا نہ کھیلنے کے بارے میں آئی سی سی کو براہ راست آگاہ کریں گی۔ تمام پریکٹس میچز لاہور، کراچی اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ سب سے پہلے ٹرافی اور سہ ملکی سیریز کیلئے نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں فروری کے پہلے ہفتے میں پاکستان پہنچیں گی۔ دونوں ٹیمیں میزبان ملک کیساتھ کراچی اور لاہور میں مقابلہ کریں گی ۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں 10 فروری کے بعد لاہور ، افغانستان کی ٹیم فروری کے دوسرے ہفتے میں کراچی آئے گی۔