اسلام آباد (نیوز رپورٹر، ایجنسیاں) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترسیلات زر میں اضافے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہو ئے کہا ہے کہ ترسیلات زر میں اضافے سے ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، پاکستان معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے، محصولات کے کیسز فوری حل کیے جائیں، ایف بی آر محصولات کے مقدمات میں تاخیر کسی صورت براشت نہیں کی جائیگی، وزیر اعظم نے پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہپی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت ہوگی، حکومت نے قومی ایئر لائن کا تشخص بحال کیا،دریں اثناء (ن) لیگ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اور پارلیمانی ٹاسک فورس کے چیئرمین بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں نے دسمبر 2024 کے مہینے میں 3.1 ارب ڈالر بھجوا کر پی ٹی آئی کی ترسیلات زر نہ بھجوانے کے اعلان کو مسترد کردیا ہے۔ جمعہ کو سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر اپنے بیان میں اظہر کیانی نے کہاکہ دسمبر 2024 میں بیرون ملک پاکستانیوں کی طرف سے بھجوائی جانے والی رقوم دسمبر 2023 کے کے مقابلے میں 29.3 فی صد اور نومبر 2024 کے مقابلے میں 5.6 فی صد زائد ہیں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں نے پی ٹی آئی کی اپیلوں کو خاک میں ملا دیا،مہنگائی کو 38 سے 4 فیصد پر لانا حکومت کی بڑی کامیابی ہے، دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے ترسیلات روکنے کی اپیل کا اثر اگلے دو تین ماہ میں نظر آئیگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دسمبر 2024 تک 3 اعشاریہ 1 بلین ڈالر ترسیلات زر وصول ہوئیں جو کہ نومبر 2024 سے 5 ا عشاریہ 6 فیصد زیادہ ہے، ترسیلات زر میں اضافہ ہمارے بیرون ملک پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے آہنی عزم کی سند ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ ایف بی آر محصولات کے مقدمات کے جلد سے جلد نمٹائے جانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔ وزیر اعظم نے یہ ہدایت گزشتہ روز ان لینڈ ریونیو کے اپیلیٹ ٹربیونلز کے امور کا جائزہ لینے کیلئے بلائے گئے اجلاس کے دوران دی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپیلیٹ ٹربیونلز ان لینڈ ریونیو میں بین الاقوامی معیار کی افرادی قوت کو مسابقتی تنخواہوں، مراعات اور پیشہ ورانہ ٹیلنٹ کی بنیاد تعینات کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ایک ایک پائی کا تحفظ کرینگے۔ٹیکس نا دہندگان سے ٹیکس وصول کرینگے نہ کہ غریب عوام پر ٹیکس کا مزید بوجھ ڈالیں ڤ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک، اٹارنی جنرل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم نے پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی کے بعد پیرس کیلئے پہلی پرواز کی روانگی پر عوام کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروازوں کی بندش سے قومی ایئر لائن کو اربوں ڈالر کا نقصان اور اسکی ساکھ متاثر ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یورپ پروازوں کی بحالی کے بعد پی آئی اے ترقی کی جانب گامزن ہے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں سے ترسیلات روکنے کی اپیل کا اثر اگلے دو تین ماہ میں نظر آئیگا۔پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مالی سال 2022میں ترسیلات زر 32 ارب ڈالرز تھیں جبکہ 2024میں27ارب ڈالرز رہی ہیں۔