کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پہلی گورنرز سمٹ قومی ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گی، گورنرز سمٹ اتحاد، یکجہتی اور مشترکہ ترقی کے عزم کی علامت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاوس میں پہلی تاریخ ساز گورنرز سمٹ کے اختتام پر پروقار عشائیے سے خطاب کے دوران کیا عشائیے میں سابق گورنر محمد ابیر اور میاں محمد سومرو کی خصوصی شرکت کے علاوہ مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، عمائدین شہر اور بزنس کمیونٹی کی نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنرز سمٹ کے موقع پر شریک گورنرز کو یادگاری سووینئرز پیش کیے، عشائیے میں شرکاء نے گورنر ہاوس کے تاریخی اور پروقار ماحول کی تعریف کی، تقریب میں شریک معززین نے گورنر سندھ کی میزبانی اور سمٹ کے انعقاد کو بھی سراہا، شرکاء نے کہا کہ گورنرز سمٹ قومی یکجہتی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے مابین ہم آہنگی کا مظہر ہے۔