کراچی (اسٹاف رپورٹر) ویسٹ انڈیز اور پاکستان شاہینز کا سہ روزہ وارم اپ میچ ڈرا ہوگیا۔ اسلام آباد کلب میں تیسرے دن اتوار کو کھیل ختم ہوا تو پاکستان شاہینز نے312رنز کے ہدف کے تعاقب میں2وکٹوں پر128رنز بنائے تھے۔ کھیل کی خاص بات محمد ہریرہ کے12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے80 رنز تھے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہریرہ نےپہلی اننگز میں بھی 74 رنز اسکور کیے تھے۔ محمد ہریرہ نے عمیر بن یوسف کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں82رنز کااضافہ کیا۔ عمیر نے25رنز اسکور کیے۔جومل واریکن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز40اوورز کی بیٹنگ میں5وکٹوں پر 177 رنز بناکر ڈکلیئر کردی تھی۔ الیک اتھانیز نے58 اور ٹیون املاچ نے 57 رنز اسکور کیے ۔موسیٰ خان اور علی رضا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 8 وکٹوں پر346 جبکہ پاکستان شاہینز نے 9 وکٹوں پر 212 رنز اسکور کیے تھے۔