راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) خاتون نے تشدد کر کے اپنی سوتن کے 4سالہ بچے کو قتل کر دیا۔ تھانہ سول لائنز کے سب انسپکٹر ابرار گلزار نے بتایا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے ملازم محمد علی نے دو شادیاں کر رکھی ہیں۔ اس کی پہلی بیوی شہناز بی بی سے 5 بیٹیاں اور دو بیٹے ہیں جبکہ دوسری بیوی اقصیٰ ناز سے 6ماہ کا بیٹا ہے۔ شہناز بی بی نے پولیس کو بتایا کہ اتوار کو وہ اپنی والدہ کے گھر سے دن ساڑھے بارہ بجے گلی نمبر 27عزیز کالونی گھر پہنچی تو اس نے دیکھا کہ اس کی سوتن اقصیٰ ناز مدعیہ کے چار سالہ بیٹے عبدالہادی کو بیدردی سے مار پیٹ کر رہی تھی۔ اس نے میرے بیٹے کا گلا بھی دبایا۔ میں اپنے بچے کو زخمی حالت میں ہسپتال لے جا رہی تھی کہ میرا بیٹا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے ملزمہ کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ ادھر کمسن عبدالہادی کی ڈیڈ باڈی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد اس کی ماں کے حوالے کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق بچے کی گردن پر نشان ناخن نیلگوں، بائیں بازو پر سوجن، بائیں ٹانگ کے گھٹنے کے اوپر نشان نیلگوں اور دائیں پنڈلی پر نشان زخم نیلگوں پایاگیا۔