کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر شہریوں کی بازیابی کے لئے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیدیا۔ ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ محمد ادریس تھانہ فیروز آباد کی حدود سے 2018 سے لاپتہ ہے۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ شہری کے اہلخانہ کی مالی معاونت کردی گئی۔ سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ جے آئی ٹی اجلاس نے لاپتہ شہری کی جبری گمشدگی کا تعین کیا تھا۔ مالی معاونت کی سمری منظوری کے بعد اہلخانہ کی مالی معاونت کردی گئی۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ جبری گمشدگی سے متعلق پالیسی کا کیا ہوا ،سرکاری وکلا نے جبری گمشدگیوں سے متعلق پالیسی کے لئے مہلت طلب کرلی۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ پالیسی کی تیاری کے لئے مسلسل اجلاس کئے جارہے ہیں۔ 4 افراد بازیاب ہوکر گھر واپس آگئے ہیں۔ محمد طلحہ، غلام فاروق، معیزالدین اور رضوان باحفاظت گھر واپس آگئے ہیں۔ عدالت نے دیگر شہریوں کی بازیابی کے لئے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 4 ہفتوں کے لئے ملتوی کردی۔