کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر سیاستدان فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ عمران خان کو سزا یقینی ہے اور 190 ملین پاؤنڈ کا کیس واضح اور ثابت شدہ ہے،تاریخ بدلنے سے فیصلہ نہیں بدلے گا۔ انہوں نے بعض سیاستدانوں پر تنقید کی اور کہا کہ عمران خان کی جان کی فکر والے لوگ کم ہیں جبکہ باقی مفاد پرست ہیں، اگر مذاکرات سے مسائل حل نہ کیے گئے تو صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے،بیرسٹرعلی ظفر نے کہا کہ عمومی طور پر فیصلوں سے لوگ ڈرتے ہیں لیکن عمران خان سے فیصلہ ڈر رہا ہے،اس سے پہلے بھی کیسز میں کوئی دم نہیں تھا جبکہ پروگرام کے ابتدائیہ میں حامد میر نے اپنے تجزیہ میں کہا کہ قومی اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان شدید گرماگرمی ہوئی کے بعد مذاکرات مذاق محسوس ہونے لگے ہیں،برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستانی مسلم کمیونٹی کو بدنام کرنے کی قرارداد کو 364 ارکان کی مخالفت سے مسترد کر دیا گیا۔میزبان حامد میر نے کہا کہ قومی اسمبلی میں آج حکومت اور اپوزیشن میں خوب گرما گرمی ہوئی اس وقت ایسا محسوس ہوا کہ مذاکرات تو صرف مذاق ہے علیمہ خان چیلنج کر رہی ہیں وہ کہتی ہیں کہ عمران خان کو 190 ملین پاؤنڈ کے کیسز میں سزا سنا کر دکھاؤ جبکہ کل فیصل واوڈا نے پریس کانفرنس کی اس پر تحریک انصاف کی طرف سے جواب دیا گیا۔