• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خصوصی صنعتی زونز کو بجلی فراہمی کا نیا نظام منظور

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) شہباز شریف حکومت نےصنعتی ترقی کیلئے بڑا اقدام اٹھایا ہے۔ 

وزیرِ اعظم کی زیر صدارت گزشتہ روز کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں خصوصی صنعتی زونز (SEZs) و صنعتی اسٹیٹس کو بجلی فراہمی کا نیا نظام منظور کیا گیا۔ 

کابینہ کی کمیٹی برائے توانائی نے پاور ڈویژن کی سمری پر انڈسٹریل اسٹیٹس اور اسپشل صنعتی زونز کو ایک پوائنٹ پر بجلی فراہمی اور انکے انتظامیہ کو خود کنکشن دینے، بل اکھٹا کرنے اور دیگر معاملات نمٹانے کی اجازت دے دی ۔

اس نظام کے تحت خصوصی صنعتی زونز و انڈسٹریل اسٹیٹس میں بجلی تقسیم کار کمپینیوں کے افسران کی مداخلت کو ختم کر دیا گیا۔

اس ضمن میں ایک مخصوص آپریشنز اینڈ مینجمنٹ میکینزم بنایا جارہا ہے۔پاور ڈویژن اور نیپرا اس مکینزم پر آئندہ دو سے تین مہینوں میں عملدآمد شروع کردے گا۔ 

نظام کے تحت زون ڈویلپر کو زونز میں موجود صنعتوں کو بجلی کی فراہمی کیلئے کوئی اضافی لائسنس درکار نہ ہوگا۔اس نظام کے تحت صنعتوں کو یکساں ٹیرف کی بدولت مسابقت میں آسانی ہوگی۔ 

صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔وزیرِاعظم نے نئے نظام کا اطلاق تمام خصوصی صنعتی زونز پر کرنے کی ہدا یت کی ۔ 

وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے صنعتی ترقی کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔اللہ کے فضل وکرم سے کاروبار میں آسانی کے اپنے عہد کی تکمیل کی جانب تیزی سے گامزن ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو یکسان ٹیرف پر بجلی کی فراہمی سے ملکی صنعتی ترقی کی رفتار میں اضافہ ہوگا۔

اہم خبریں سے مزید