اسلام آباد(نمائندگان جنگ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوتھ پروگرام کے تحت قرض کی رقم 5لاکھ سے بڑھا کر 15لاکھ کرنے کی ہدایت کردی ہے ، ان کا کہنا ہے کہ معیشت کی ترقی آئی ٹی شعبے کی ترقی سے منسلک ہے، حالیہ سرمایہ دوست پالیسیوں کے نتیجے میں آئی ٹی برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، وزیراعظم نے محصولات سے متعلق تمام کیسز کو جلد سے جلد نمٹانے کیلئے اقدامات کی ہدایت بھی کردی، ان کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں ایف بی آر کی جانب سے اچھی شہرت کے حامل وکلاء کی خدمات لی جائیں، وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چھوٹے اور درمیانے درجے (SMEs) کے کاروبار کے امور پر جائزہ اجلاس،بین الاقوامی شہرت یافتہ لاجسٹکس کمپنی Menzies Aviation کے وفد سے گفتگو اور ایف بی آر کے محصولات کے حوالے سے زیر التوا کیسز پر جائزہ اجلاس کے دوارن کیا جواسلام آباد میں منعقد ہوا۔تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم نےملک بھر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ان کا تفصیلی سروے جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو دی جانے والی سہولیات کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ترقی یافتہ ممالک کے ماڈلز کا اطلاق یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے پیمانے کے کاروبار میں خواتین انٹر پرونیورز کیلئے خصوصی پیکیج تشکیل دے کر جلد پیش کیا جائے۔