• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپس میں لڑیں تو نوجوان نسل کی امیدوں پر پورا نہیں اتریں گے، بلاول

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیاستدان آپس میں لڑیں گے تو نوجوان نسل کی امیدوں پر پورا نہیں اتریں گے، اقوام کی طاقت کسی بندوق یا گولی میں نہیں، سیاست اور ثقافت میں ہوتی ہے، اپنی ثقافت کو بھول جانے والی قومیں کبھی ترقی نہیں کرتیں ،متحد ہوکر قومیں بنتی ہیں، قوموں کو بنانے میں سیاست اور ثقافت کا اہم کردار ہے،ہماری بہت پرانی تاریخ اور ثقافت ہے،ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ ہم انڈس سویلائزیشن کے لوگ ہیں، ہمیشہ اس خطے میں رہنے والے لوگوں نے بڑا اہم کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کو سندھ اسمبلی کراچی میں ملک کی پہلی دستورساز اسمبلی کے انعقاد کی یاد میں خصوصی تختی کی نقاب کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج ہم تاریخی جگہ پر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی یہ سوچ ہے کہ کسی قوم کو کوئی فردِ واحد، ایک طاقت یا مخصوص سوچ قومیں نہیں بناتے۔ سب کو ملکر محنت کرکے اور متحد ہوکر قومیں بنتی ہیں۔ اس جدوجہد میں ضرور سیاست کا ایک بہت بڑا کردار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ خودبھی سیاسی طور وہی کردار ادا کرنے کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے ملک کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے زور دیا کہ نئے دور کے مقابلہ کرنے کے لیئے بھی قوم کو متحد ہوکر اور اپنی ثقافت کو اپنا کر کیا جاسکتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید