انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمن انڈر 19 ورلڈ کپ ملائیشیا میں شروع ہوگیا۔
پہلے روز 6 میں سے تین میچز کے فیصلے ہوئے جبکہ 3 میچز بارش کے سبب نہ ہوسکے، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان شیڈولڈ میچ بھی شامل تھا۔
بارش کے سبب نامکمل اور منسوخ ہونے والے میچوں میں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ مل گیا۔
آئرلینڈ اور انگلینڈ کے درمیا ن کھیلے گئے میچ کے دوران پچ پر ایک چھوٹا سا سانپ بھی نکل آیا، جسے انگلش بیٹر نے اپنے بیٹ سے بھگایا۔
آسٹریلیا، بنگلادیش اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں اپنے حریفوں کو شکست دینے میں کامیا ب رہیں۔
ایونٹ کے پہلے روز بارش کے سبب صرف 3 میچز کے فیصلے ہوئے، بانگی میں آسٹریلیا نے اسکاٹ لینڈ کو 9 وکٹ سے مات دی۔
اسکاٹ لینڈ کی ٹیم 48 رنز پر آؤٹ ہوئی، آسٹریلیا نے ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
بانگی میں ہی کھیلے گئے ایک اور میچ میں بنگلادیش نے نیپال کو 5وکٹ سے مات دی۔
کُوچنگ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو 22رنز سے ہرادیا۔
جوہر بارو میں تیز بارش کی وجہ سے پاکستان اور امریکا کے درمیان میچ منسوخ کردیا گیا، میچ میں ایک بھی گیند نہیں پھینکی جاسکی، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
انگلینڈ اور آئرلینڈ کا میچ بھی مکمل نہ ہوسکا، انگلینڈ نے 7 وکٹ پر 144 رنز بنائے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ نے 2 وکٹ پر28 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہوگئی، جس کی وجہ سے میچ کو ختم کرنا پڑا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
اس میچ میں ا نگلینڈ کی بیٹنگ کے دوران پچ پر ایک چھوٹا سا سانپ بھی نکل آیا جسے انگلش بیٹر نے اپنے بیٹ سے بھگایا۔
کُوچنگ میں نائیجریا اور سموا انڈر 19 ویمن کا میچ بھی بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا۔