کراچی (اسٹاف رپورٹر):پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر انجینیئر محمد ثروت اعجاز قادری نے حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی اور امن معاہدے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کے لیے یہ روشنی کی پہلی کرن ہے۔ فلسطینیوں کے جذبہ حق خود ارادیت کے آگے اسرائیل کو بھی اب گھٹنے ٹیکنے ہوں گے۔15 ماہ سے زائد عرصہ جنگ رہنے کے بعد جنگ بندی امن معاہدہ فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کی پہلی امید ہے۔جنگ بندی اور امن معاہدے کے ذریعے معصوم مظلوم گرفتار ہونے والے فلسطینیوں کو بھی چھوڑا جائے گا جو اپنے اہلخانہ سے مل پائیں گے۔اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان جنگ بندی کے باعث مشرق وسطی کا چہرہ بدل گیا ہے۔اپنے اہلخانہ سے بچھڑنے والے اور بے گھر ہو جانے والے اپنے گھروں کو واپس آرہے ہیں۔ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ تمام عالم اسلام غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کو خراج تحسین اور سلام پیش کرتا ہے۔غزہ میں معصوم فلسطینی مرد اور خواتین نے جو قربانیاں دی ہیں اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی ہے۔