کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے ایک اعلیٰ سطحی وفود نے سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی اور مسلم لیگ ف کے جنرل سیکرٹری اور جی ڈی اے کے ترجمان سردار عبدالرحیم سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کرکے انہیں دریائے سندھ سے 6نئی نہریں نکالنے کیخلاف منعقدہ پانی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے ، ایس ٹی پی کے سربراہ اور جے ڈی اے ترجمان نے کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کروادی ، اس موقع پر صوبائی امیر جماعت اسلامی کاشف شیخ نے کہا کہ سندھ کو پہلے ہی 91معاہدے کے تحت اپنے حصہ کا پانی نہیں مل رہا ۔ صوبائی امیر کاشف سعید شیخ کی قیادت میں سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی سے قاسم آباد میں ان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ملاقات کی اور انہیں سندھ کے پانی پر ڈاکہ لاکھوں ایکڑ زمینیں کمپنی سرکار کو دینے کیخلاف 26 جنوری کو حیدرآباد میں دریائے سندھ سے چھ نئی نہریں نکالنے اور زراعت کو درپیش خطرات کے حوالے سے منعقدہ پانی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ ڈاکٹر قادر مگسی نے جماعت اسلامی کے وفد کا خیرمقدم اور پانی کانفرنس کے انعقاد کے عمل کو سراہتے ہوئے شرکت کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ایس ٹی پی کے مرکزی رہنما حیدر شاہانی، قادر چنا اور گلزار سومرو جبکہ جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصر اللہ چنا، محمد افضال آرائیں، ڈپٹی جنرل سیکرٹری الطاف احمد ملاح، سہیل احمد شارق، مقامی امیر حافظ طاہر مجید سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔